ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر میں دنیا کا سب سے اونچا پل تیار

جموں و کشمیر میں دنیا کا سب سے اونچا پل تیار

Sun, 14 Aug 2022 11:12:27    S.O. News Service

جموں، 14؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی)جموں و کشمیر میں بنائے جانے والے دنیا کے بلند ترین چناب ریلوے پل کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ برج کا گولڈن جوائنٹ (آخری جوائنٹ)ہفتے کے روز نصب کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پل کی تعمیر کا 98فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے ترنگا لہرایا اور آتش بازی بھی کی۔ یہ پل کونکن ریلوے ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL)پروجیکٹ کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کی لاگت تقریباً 28,000کروڑ روپے ہے۔ریاسی ضلع میں بکل اور کوری کے درمیان دنیا کا سب سے اونچا سنگل آرک ریلوے پل بنایا گیا ہے۔ 1.3 کلومیٹر طویل ریل پل کی اونچائی دریا کی سطح سے 359میٹر ہے۔ یہ 324میٹر بلند ایفل ٹاور سے بھی 35میٹر اونچا ہے۔ پل 17کیبلز پر ٹکا ہوا ہے۔ یہ پل 8شدت کے زلزلے سے متاثر نہیں ہوگا۔ یہ 260کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کا مقابلہ کر سکتا ہے۔گولڈن جوائنٹ سیول انجینئرز کی طرف سے دی گئی اصطلاح ہے۔ گولڈن جوائنٹ ایک جوائنٹ ہوتا ہے جس میں پائپنگ کے نئے جزو کو موجودہ لائن پر ویلڈ کیا جاتا ہے۔ پل کے دو حصوں اور برج اوورارک ڈیک کو سنہری جوائنٹ کے ذریعے ہائی سٹرینتھ فریکشن گرفت (HSFG) بولٹ کی مدد سے جوڑ دیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جوائنٹ کی ویلڈنگ سونے سے کی جائے گی۔


Share: